اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان حکومت نے سکولوں کی موسم گرما اور موسم سرما کی سالانہ تعطیلات میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی طرف نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اس کے مطابق موسم سرما اور موسم گرما میں جو تعطیلات کی جاتی ہیں ان میں 15 دن کی کمی کردی گئی ہے۔ ونٹرزون میں گرمی اور سمر زون میں سردی کی مختصر چھٹیوں میں بھی پانچ روز کی کمی کی گئی ہے اس کے علاوہ سرد علاقوں میں اڑھائی ماہ کی بجائے دو ماہ کی تعطیلات ہوں گی، سمر زون میں بھی گرمی کی اڑھائی
ماہ کی تعطیلات دوماہ تک محدود کر دی گئی ہیں۔ کوئٹہ سمیت دیگر سرد علاقوں میں موسم سرما کی طویل تعطیلات یکم جنوری سے 28 فروری تک ہوں گی جبکہ سمر زون میں طویل تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔ اس کے علاوہ سمر زون میں سردی کی چھٹیاں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی اور ونٹر زون میں گرمی کی مختصر چھٹیاں 22 جولائی سے 31 جولائی تک ہوں گی۔ زیادہ چھٹیاں ہونے کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں، اس لیے بلوچستان حکومت نے سکولوں کی چھٹیوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔