اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی ترقی اور معیشت کے استحکام کے لیے معاشرے کا ہرفرد اپنی صلاحیت کے مطابق کام کرے،وزیر اعظم یوتھ ووکیشنل پروگرام اس سلسلے کی کڑی ہے جس کی کامیابی سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق قومی ترقی کے عمل میں
بھرپور طریقے سے شریک ہوسکیں گے ۔صدر ممنون حسین نے یہ بات نیوٹیک کی تقسیم انعامات کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں انجینئربلیغ الرحمن، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ امور، ذوالفقار احمد چیمہ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک (NAVTTC) نے بھی خطاب کیا جبکہ صدر مملکت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کی تشکیل کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق تربیت دے کر روز گار کے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس معاشرے نے جدید عہد کے تقاضوں کو سمجھ کر افرادی قوت کو تربیت کی ، خوشحالی ان کا مقدر بن گئی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بہترین پروگرام تیار کیا ہے، اب نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس بہترین موقع کو ہاتھ سے نہ جانے
دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نواجوان ہنر مند قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو اپنے خون پسینے کی محنت سے اپنے اہلِ خانہ ہی نہیں پوری قوم کی خوش حالی اور ترقی و استحکام کا ذریعہ بنتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد محنتی اور ہنر مند افراد کی حوصلہ افزائی ہے جو وطنِ عزیز کے ہزاروں ہنر مندوں کے درمیان کارکردگی کے بہترین مظاہرے کے بعد اس مقام پر پہنچے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اگر نیوٹیک کے ذمہ داران نوجوانوں کے انتخاب کے سلسلے میں ایسا نظام تشکیل دے جس کے نتیجے میں وطنِ عزیز کا کوئی حصہ بھی اس پروگرام کے ثمرات سے محروم نہ رہے۔ انھوں نے کہا کہ نیوٹیک کو اپنی توجہ بلوچستان کی طرف بھی مبذول کرنی چاہیے تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف شعبوں کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مواقع مل سکیں۔ انھوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی
کام کو چھوٹا یا بڑا سمجھے بغیر پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ اسے سر انجام دیجئے ، اس کے نتیجے میں صر ف یہ دنیا ہی نہیں بلکہ آخرت بھی ان کی ہو جائے گی۔ اس دنیا کی ترقی اور عروج کا راز آپ ہی جیسے جواں ہمت لوگوں کے خوبصورت ہاتھوں میں پوشیدہ ہے،یہ جو ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی چمک دمک مسحور کرتی ہے، اس کی روشنی کبھی دنیا میں نہ پھیلتی اگر ان معاشروں میں آپ جیسے جفا کش اور محنتی نوجوان پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام نہ دیتے ، اس لیے میں اپنے بچوں سے کہوں گا کہ وہ پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے اپنے کاموں میں مصروفِ عمل ہو جائیں، اس کے نتیجے میں وطنِ عزیز بھی ترقی کرے گا اور ان کے انفرادی معاشی مسائل بھی حل ہوں گے۔ صدر مملکت نے اس امر پرخوشی کا اظہار کیا کہ نیوٹیک سے تربیت پانے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اندرونِ ملک اور بیرون ملک اچھے اور با عزت روزگار کے حصول میں کامیاب ہو چکی ہے۔