اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم ٗشاہد خاقان عباسی ٗ وفاقی وزراء اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی لندن میں موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کافیصلہ کیا ہے ٗتحریک التواء جمع کرائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ٗ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزرا کے لندن دوروں کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے؟قوم کو اس حوالے سے بتایا جائے۔ انہون نے کہا کہ اسحاق ڈار خصوصی طیارے پر تاجکستان گئے، کروڑوں کا خرچہ وزارت کو برداشت کرنا پڑا،
حکومتی شخصیا ت لندن کے دوروں میں مصروف ہیں جبکہ ملک مسائل کا شکار ہے۔ مرکزی ترجمان نے کہا کہ نوازشریف کے لندن پلان بھی ناکام ہوں گے، لیگی قیادت نئے این آر او کے لئے ہاتھ پاؤں ماررہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سرکاری خرچ پر حکومتی شخصیات کی لندن یاترا پر قومی اسمبلی میں تحریک جمع کرائیں گے۔