اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 89 ویب سائٹس بند کرنے کا فیصلہ، ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کے حکم پر پاکستان میں اسلام و ریاست مخالف اورمذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹس کو بند کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تفصیلات کے مطابق لاہور ایف آئی اے کی
سائبر پٹرولنگ ٹیم نے 89 ویب سائٹس، فیس بک اکاؤنٹس اور بلاگز کی فہرست بنا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت سے اکاؤنٹس مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے اس کے علاوہ اسلام اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے اور سائبر دہشت گردی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان میں سے بعض اکاؤنٹس تو کالعدم تنظیمیں چلا رہی ہیں، یہ لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں۔ ایف آئی اے لاہور نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کو مراسلے میں مذکورہ سائٹس کی فہرست بھیجی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت دی جائے کہ وہ ان اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا کے پیجز کو بلاک کر دے۔ اسلام آباد بھجوائی جانے والی اس فہرست میں مذہبی نفرت پھیلانے والی 20 ، پاکستان مخالف 49، اسلام مخالف 5 اور فرقہ واریت پھیلانے میں ملوث 15 ویب سائٹس اور پیجز شامل ہیں۔ انہیں چلانے والوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور جلد ہی ان کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔