ڈیرہ اسماعیل خان (مانیٹرنگ ڈیسک) تھانہ چودہوان کی حدود میں گرہ مٹ کے پانچ مسلح افراد ذاتی دشمنی کے باعث مخالف خاندان کی 16 سالہ لڑکی کو برہنہ کر کے گاؤں میں گھماتے رہے ،مسلح افراد نے چیختی چلاتی اور مدد کے لئے پکارتی برہنہ لڑکی کو کسی سے چادر تک نہ لینے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ذاتی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے جوہڑ سے پانی لے کر آنے والی مخالفین کی سولہ سالہ لڑکی کو یر غمال بنا لیا اور بعد ازاں اسے برہنہ کر کے گھماتے رہے ۔ اس دوران بچی مدد کے لئے چیختی پکارتی رہی لیکن مسلح افراد کے ڈر
سے کسی نے اس کی مدد کی اور نہ چادر تک دی ۔ اس دوران لڑکی پناہ لینے کے لئے گھروں میں داخل ہوتی تو لوگ اسے ڈر کے مارے گھر سے باہر نکال دیتے ۔۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بربریت کا یہ رقص ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔بچی کے ورثا ء تھانے رپوٹ درج کرانے گئے تو پہلے پولیس ٹرخاتی رہی لیکن جب خبر میڈیا تک پہنچی تو چودہوان تھانہ کی پولیس نے 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم پولیس ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔دوسری جانب، پولیس نے باثر ملزمان کے ساتھ مل کر لڑکی کے بھائی پر بھی ایک مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔