لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں سڑک کا نام رکھنے کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہو گئے ، مشتعل مظاہرین نے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کاشف شیخ پر فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے انکی گاڑی پر حملہ کر دیا ، شاہدرہ بس سٹاپ پر سڑک بلاک کر کے احتجاجی مظاہر ہ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علا قے میں سڑک کی تعمیر کے بعد نام رکھنے کے معاملے پر تصادم ہوگیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل
کر دیا گیا جن میں تحریک انصاف کے کوآرڈی نیٹر یو نین کونسل 2اطہر رشید کے چچا امیر خان ،بھائی مظہر رشید اور واصف خان شامل ہیں ۔ اطہر رشید نے الزام عائد کی ہے کہ فائرنگ (ن) لیگ کے چیئرمین کاشف شیخ نے کی ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے چیئرمین شیخ کاشف کی گاڑی پر حملہ کردیا ۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا تاہم بعد ازاں کارکنوں نے شاہدرہ بس سٹاپ پر سڑک بلاک کر کے احتجاجی مظاہر ہ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی ۔