لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) میڈیا نے لندن میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے مبینہ اثاثے ڈھونڈ نکالے ، ان کی مالیت کم وبیش 7ملین پاؤنڈز اور 12ایکڑ پر مشتمل ہے ، لند ن سے باہر نیوبری کے علاقے میں موجودہائیڈ ہاؤس نامی جائیداد میں جہانگیر ترین کے بیٹے رہتے رہے ہیں ، اس جگہ گھوڑوں کے اصطبل ہونے کا بھی انکشاف ہواہے ۔بدھ کو ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لندن سے باہر نیوبری کے علاقے میں 7ملین پاؤنڈز کی ایک پراپرٹی ہے جس سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت بھی ہورہی ہے
اور اس حوالے سے کہا گیا کہ یہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جہانگیر ترین کی ہے تاہم جہانگیر ترین نے اس کی ملکیت سے انکار کر دیا ہے اور ان کا یہ موقف ہے کہ یہ ٹرسٹ کی پراپرٹی ہے، اس پراپرٹی کا نام ہائیڈہاؤس ہے اور یہ 12ایکڑ پر مشتمل ہے ۔ رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا کہ یہ ایک فارم ہاؤس ہے جہاں جہانگیر ترین کے بیٹے رہتے رہے ہیں اور اسے سیرگاہ کے طور پر بھی استعمال کیاجاتاہے،2012میں اس پراپرٹی کو گرا کر دوبارہ بنا دیا گیا تھا، اس کے 2بڑے گیٹ ہیں، اس میں گھوڑوں کا اصطبل بھی ہے اور یہاں گھوڑے بھی موجود ہیں۔