اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلام آباد کے مدرسے کی ایک معلمہ کو تلاش کر رہے ہیں جس نے مبینہ طو رپر داعش میں شمولیت کے لئے خراسان جانے کی کوشش کی ۔ نجی ٹی وی نے ایف آئی اے کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سمیعہ سے متعلق تفصیلات گرفتار دہشتگرد خلیل الرحمن نے فراہم کیں۔ خلیل الرحمان کو ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے گرفتار کیا تھا جو داعش میں بھرتی کے لئے لوگوں کی آن لائن ذہن سازی کرتا تھا۔
خلیل الرحمن نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ سمیعہ نے آن لائن رابطے میں خراسان جانے سے متعلق بتایا تھا۔ تاہم تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمن کی گرفتاری کے بعد سے سمیعہ نے تمام آئی ڈیز بند کر دی ہیں جبکہ سمیعہ کے سعودی عرب جانے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔گرفتار تخریب کار نے دورانِ تفتیش بتایا کہ داعش ایسے افراد کو شناخت اور لوکیشن چھپانے کی آن لائن تکنیکی تربیت دیتی ہے۔ تربیت میں وی پی این اور اوربوٹ برازر استعمال کیے جاتے ہیں۔