اسلام آباد (آئی این پی)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کی پاکستان آمد پر وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے ان کا ائیر پورٹ پر استقبال نہیں کیا ، ائیر پورٹ پر دفتر خارجہ کے امریکی ڈیسک کے ڈی جی بلال ساجد نے امریکی وزیر خارجہ کا استقبال کیا ، تفصیلات کے مطابق ماضی میں جب بھی کوئی امریکی وزیر خارجہ اور اعلیٰ امریکی شخصیت دورہ پاکستان پر آتی رہی ہے تو اس کا ائیر پورٹ پر استقبال وفاقی وزیر کیا کرتا تھا
لیکن امریکہ کی طرف سے پاکستان کے ساتھ رواں رکھے گئے رویے اور بعض متنازعہ بیانات کے بعد پاکستان کی حکومت نے پہلی مرتبہ امریکی وزیر خارجہ کا ایک آفیسر کے زریعے استقبال کرایا ۔ ائیر پورٹ سے امریکی وزیر خارجہ وزیر اعظم ہاؤس گئے جہاں ان کی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف ، وزیر دفاع خرم دستگیر ، وزیر داخلہ احسن اقبال ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات ہوئی