لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کیلئے آئے تھے جس میں یقیناًبہت سی اہم باتیں ہوئی ہوں گی ،(ن) لیگ میں واپسی یا لچک دکھانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔گزشتہ روز رابطہ کرنے پر سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ بہت سے رہنما ملاقات کیلئے آتے رہتے ہیں
اور ان میں خواجہ سعد رفیق بھی شامل ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے حالیہ دنوں میں بھی ذاتی حیثیت میں ملاقات کی ہے جس میں یقیناًبہت سی اہم باتیں ہوئی ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کا فیصلہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کرنا ہے لیکن (ن) لیگ میں واپسی یا لچک دکھانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سردارذوالفقار علی خان کھوسہ کا کردار سب کے سامنے ہے اور ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کے کردار کے معترف ہیں ۔ یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی کے مطابق مریم نوازٍ نے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے رابطہ کیا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی 22اکتوبر کو سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے ملاقات کی تھی ۔