نارووال(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنو کریٹ حکومت کا ماڈل کہیں نظر نہیں آ رہا ، جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے والی سازشی قوتوں کو مایوسی ہو گی،پرویز مشرف کے دور میں بھی نواز شریف کی سیاست لپیٹنے کی کوششیں کی گئیں لیکن اس وقت میں ناکامی ہوئی اب بھی یہ سازشیں ناکام ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال کے صوبائی حلقہ 134 میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ عوام جانتے ہیں سازشیں کون کر رہا ہے ،2018کے انتخابات میں خیبر پختونخواہ میں بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے،عمران خان مجھے (ن) لیگ کا ارسطو کہتے ہیں لیکن اب حکومت کے اقدامات کی بدولت 20کروڑ عوام ارسطو بن چکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نظام انصاف میں بہتری کی ضرورت ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کو ہم سب مانتے ہیں،نواز شریف نے عدالت کے ہر فیصلے پر عمل کیا،پرویز مشرف کے دور میں بھی نواز شریف کی سیاست لپیٹنے کی کوششیں کی گئیں لیکن اس وقت میں ناکامی ہوئی اب بھی یہ سازشیں ناکام ہوں گی، وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے جو کہا یہ انکی ذاتی رائے ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ شیخ رشیدننگے پاؤں ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں بھاگتے رہے ہیں ،شیخ رشید نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی توہین کی، جس صوبے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں وہاں کے لوگوں کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا،مخالفین دھرنے دیتے رہیں گے لیکن ملک ترقی کرتا جائے گا، بجلی کا بحران ختم ہو چکا اب لوڈ شیڈنگ کا جن قابو میں ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے نارووال میں پیر سید شہسوار شمس کے عرس میں شرکت کی اور مزار پر حاضری دی۔