اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ نگار محمد مالک نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے برے دن آئے ہوئے ہیں، انہوں نے پاکستانی معیشت کو موجودہ حالات پر پہنچایا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اسحاق ڈار کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، اسحاق ڈار کا بیٹا علی ڈار بھی متحدہ عرب امارات سے لندن جا چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار گرفتاری کے خوف سے استعفیٰ نہیں دے رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ اگر انہوں نے استعفیٰ دیا تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا اور انہیں یہ بھی خوف ہے کہ انہیں جاتے ہوئے ائیرپورٹ پر بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے اس لیے وہ ایک مخصوص ائیرپورٹ کو اپنی آمد و رفت کے لیے استعمال کریں گے۔ سینئر صحافی نے کہا کہ ان کے صاحبزادے لندن جا چکے ہیں اور ان کے اکاؤنٹس کی نگرانی شروع کر دی گئی ہے اور بینک ان سے قرضوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سینئر صحافی محمد مالک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا سسٹم ایسا ہے جہاں شاہی خاندان کی ہدایات کے بغیر ایسا کچھ نہیں ہو سکتا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں سے ملاقات کرنے کی کوشش کی مگر وہ ان سے ملاقات کرنے میں ناکام رہے۔ سینئر صحافی نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سپریم کورٹ میں شاہی خاندان کے اکاؤنٹس کی دیکھ بھال کے ذریعے ساڑھے 8 ملین پاؤنڈ کی کمائی ظاہر کی مگر اس کی کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے۔ پاکستانی معیشت کو اس حال میں پہنچانے والے آج خود بھی شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔