استنبول(آئی این پی ) وزیرخارجہ خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کے گروپ ڈی ایٹ کی مشترکہ کوششوں سے تنظیم کو اپنے اہداف کے جلد حصول میں مدد ملے گی جبکہ ترک وزیر خارجہ نے کہا گروپ کے رکن ممالک کو کئی عالمی مسائل
کاسامنا جس کے باعث انکے درمیان تعاون کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔ استنبول میں ڈی ایٹ کے رکن ملکوں کے اعلی مندوبین کے اجلاس کی افتتاحی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ گروپ نے رکن ملکوں کے درمیان تاجروں کیلئے ویزہ کے اجرا کے طریقہ کار میں سہولیات اورکسٹم ڈیوٹی میں کمی کے معاہدے سمیت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ترکی کے وزیرخارجہ نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس بات پر زوردیاکہ ایسے وقت میں جب گروپ کے رکن ممالک کو کئی عالمی مسائل کاسامنا ہے، ان ملکوں کے درمیان تعاون کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے،انہوں نے رکن ملکوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی زوردیا۔توقع ہے کہ استنبول میں ہونیوالے اجلاس میں ایک اعلامیے اورلائحہ عمل کی منظوری دی جائے گی۔ڈی ایٹ کے منشور میں تعاون کے بڑے شعبوں میں صنعت،زراعت اورتحفظ خوراک ،توانائی ،تجارت، نقل وحمل اور سیاحت شامل ہیں،اس موقع پر تنظیم کی بیسویں سالگرہ بھی منائی جائے گی،توقع ہے کہ وزیراعظم سربراہ اجلاس کے موقع پر ڈی ایٹ کے رکن ملکوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔