اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر میاں نوازشریف ہیں ، منزل ایک ہے فیصلہ مل کر کریں گے ، شریف خاندان کے خلاف فیصلوں کی نظیر پاکستان میں نہیں ملتی ، سزا دینے سے پہلے قانون کے سارے تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کے ٹرائل پر سوالات اٹھیں گے ، ریکارڈ پر چیزیں لے کر آئیں گے ، نظام عدل سے جواب نہ آیا تو تاریخ ضرور جواب دے گی ، فردجرم لگانے سے پہلے ریکارڈ ہی نہیں دیا گیا انہوں نے کہا کہ یا
تو 6,6مہینے بعد بھی فرد جرم نہیں لگتی یا پھر ایک ہفتے میں فرد جرم عائد کردی جاتی ہے ۔ نیب کے قانون کے تحت 85سے پہلے کے معاملات کی چھان بین نہیں کی جاسکتی یہاں شریف خاندان سے 65اور70کی دہائی کا حساب مانگا جا رہا ہے ۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے شریف خاندان میں اختلاف کی خبروں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے ہوسکتاہے لیکن مریم نواز اور حمزہ شہباز دونوں پارٹی کا حصہ ہیں ، شہباز شریف نوازشریف کے پیچھے چلتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راستے دونوں کے ایک ہیں ، دو سوچیں ہوسکتی ہیں لیکن منزل اور راہنماء ایک ہی ہے ۔