لاہور (آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالتی فیصلے کے بعد پارٹی صدر منتخب کرانے والے لیگی اراکین پارلیمان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے اور لاہور رجسٹری میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما گوہر نواز سندھو نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے کیس میں نواز شریف کو نااہل
قرار دیا اور عدالتی فیصلے کے بعد وہ اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کی صدارت کیلئے اہل نہ رہے۔ درخواست میں بتایا گیا کہ انتخابی اصلاحاتی بل کے ذریعے نواز شریف دوبارہ اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر بن گئے ہیں۔ درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ نواز شریف کو صدر کے عہدے کے لیے ووٹ دینے والے اراکین پارلیمان نے آئین کے آرٹیکل 62 جی کی خلاف
ورزی کی۔ درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکل 62 جی کے تحت کسی ایسے شخص کو عوامی عہدے کے لیے منتخب نہیں کیا جا سکتا جو ملکی وقار اور نظریہ کے خلاف کام کرے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ آئین سے متصادم قانون منظور کرنے والے ارکان پارلیمان کو نااہل قرار دیا جائے۔