اسلام آباد ( آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شریف فیملی کے خلاف تمام چیزیں آئین اور قانون کے تحت ہو رہی ہیں اس لیے مخالفین اپنی عدالت نہ لگائیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانون کا احترام کرتے ہوئے خود کو عدالت کے روبرو پیش کیا ہے جبکہ اس سے قبل جے آئی ٹی کے سامنے بھی
پیش ہوئے۔ تمام معاملات آئین اور قانون کے تحت چل ہے ہیں اس لیے سیاسی مخالفین عدالت کو اپنا کام کرنے دیں اور اپنی عدالت نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کی کارروائی کے بعد ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا ،قوم دیکھ رہی ہے کہ کون لوگ عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔واضح رہے کہ ن لیگ کی طرف سے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کو انتقامی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے
، مریم نواز نے خود بھی لندن سے پاکستان کیلئے روانگی سے قبل اپنے خاندان کے خلاف قائم ہونے والے مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار دیا تھا جبکہ خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کو شرمناک قرار دیا ہے۔ ایسے میں مریم اورنگزیب کا تمام کارروائی کو آئین اور قانون کے تحت قرار دینا لیگی حلقوں کیلئے حیران کن ہو ۔