لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازکا کہنا ہے کہ آئین اورقانون کے احترام میں وطن واپس جارہے ہیں،عدالتوں میں پیش ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاکستان روانگی سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
دنیا جانتی ہے ہمارےساتھ جوہورہا ہے وہ احتساب نہیں انتقام ہے۔مریم نواز نے کہا کہ سیاست آج بھی نوازشریف کے گرد گھوم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دامن صاف ہوتا ہے تو کہیں بھی جانے سے نہیں گھبراتے،عدالت میں پیش ہوں گے اور نظام عدل کو آزمائیں گے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے کہا کہ حسن اور حسین نواز واپسی سے متعلق اپنا فیصلہ خود بتائیں گے۔خیال رہے کہ مریم نواز آج اپنے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ہمراہ لندن سے وطن واپس پہنچیں گی۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سابق وزیراعظم نوازشریف، حسن، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو طلب کررکھا ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 2 اکتوبر کو سابق وزیراعظم نوازشریف پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم کا معاملہ موخر کرتے ہوئے حسن ، حسین ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مریم نواز کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’’کوئی جو مرضی کر لے ہم کسی صورت عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے‘‘۔