لاہور (آئی این پی)لاہور ہائی کورٹ میں شریف فیملی کیخلاف مقدمات کی سماعت براہ راست ٹی وی پر نشر کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست انسانی حقوق کے رہنما نے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکہ اور یورپ میں منتخب ارکان کے خلاف کیسز کی کارروائی براہ راست ٹیلی ویژن پر نشر کی جاتی ہے اس لیے پاکستان میں بھی ارکان اسمبلی
کے خلاف ہونے والی عدالتی کارروائی ٹی وی پر براہ راست دکھائی جائے تاکہ عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے بارے میں بہتر طور پر جاننے کا موقع مل سکے۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون اور شریف خاندان کے خلاف مقدمات کی کارروائی بھی براہ راست ٹی وی پر نشر کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرلیا گیا ہے اور اس پر پیر کے روز سماعت ہوگی۔