کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی والے تیار ہوجائیں، کل سے درجہ حرارت بڑھے گا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے کچھ دن کراچی کے شہریوں کے لیے سخت آزمائش کے ثابت ہو سکتے ہیں کراچی میں 2روز بعد درجہ حرارت 40 سے بڑھ کر 42 ڈگری
تک جانے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 2روز درجہ حرارت 39 سے 40ڈگری تک جائیگا، منگل اور بدھ کو کراچی میں مزید گرمی بڑھے گی، سمندری ہواوں کی رفتار میں کمی کے باعث گرمی کی یہ شدت پورے ہفتے برقرار رہے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔عبدالرشید نے مزید کہا کہ مئی اور اکتوبر سال کے گرم ترین ماہ شمار کئےجاتےہیں، ہفتےسے ہوا میں نمی کا تناسب 30سے 40 فیصدہوگا تاہم کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ نہیں ہے، ہیٹ ویو کے امکانات سے جلد آگاہ کردیا جائیگا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نورپورتھل میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔