اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پسرور بار ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے بار میں داخلے پر تاحیات پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پسرور بار ایسوسی ایشن کے اجلاس جو زیر صدارت چوہدری
محمد ناصر خاں سندھو ایڈووکیٹ اور سیکرٹری بار محمد عرفان گوندل ایڈووکیٹ منعقد ہوامیں انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل میں ختم نبوت کے حوالے سے کالم نکالنے کو مسترد کرتے ہوئے مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ اراکین بار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں فرد واحد نااہل سابق وزیراعظم میاںنواز شریف کے لئے آئین، اخلاق اور مذہبی روایات کو پس پشت ڈال کر عوام کے جذبات سے کھیلنے کی گھنائونی سازش کی ہے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے انتخابی اصلاحاتی بل 2017ء کی آڑ میں ناموس رسالت کی شق میں ترمیم کا بل منظور کرواکے اہل پسرور اور بالخصوص وکلاء برادری کی دل آزادی کی ہے۔ اس موقع پر اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے پسرور بار میں تاحیات داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت فارم کے حوالے سے تبدیلی کو فوری طور پر واپس لیاجائے۔ پسرور بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں تبدیلی واپس نہ لینے کی صورت میں سول سوسائٹی، میڈیا اور علمائے دین کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔