اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم نبوت کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے اورپارلیمنٹ سے منظور ہونے والے حالیہ الیکشن اصلاحات ایکٹ میں درج حلف نامے میں پہلے سے شامل الفاظ میں تبدیلی مسلم لیگ (ن )کے نکتہ نظر کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن )کے صدر محمد نواز شریف سمیت پارٹی کی قیادت کا ماضی
گواہ ہے کہ انہوں نے قومی زندگی کے ہر مرحلے میں عقیدہ ختم نبوت کے ساتھ اپنی دلی وابستگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہے کہ وہ بلاتاخیر ایک نئی ترمیم کے ذریعے عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں حلف نامے کے حوالے سے متن میں تبدیلی ختم کرکے پرانے الفاظ بحال کردے تاکہ اس سقم سے عوام میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے۔