اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کی ایل او سی پر نکیال سیکٹر پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے نکیال سیکٹر میں سیز فائرہ معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ سے بالاکوٹ کا رہائشی شہری شہید ہو گیا جبکہ 4افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003میں ایل او سی پر سیز فائر معاہدہ طے پایا تھا جس کی بھارت کی جانب سے اب تک ہزاروں بار خلاف ورزی کی جا چکی ہے ،بھارتی بزدل افواج ایل او سی پر آزادکشمیر کے سول آبادی کے علاقوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے جس میں حالیہ دنوں میں شدت آچکی ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فائرنگ سے 7شہری شہید جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ورکنگ بائونڈر پر بھی پاکستانی علاقوں پر بھارتی گولہ باری کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔