اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بعض سیاستدان دن کے 12 بجے جاگتے ہیں اور ایک گھنٹہ بھی پیدل نہیں چل سکتے ، ان کی اسمبلی میں حاضریاں دیکھیں ، ان کی گڈ گورننس کا حال بھی سب کے سامنے ہے،کچھ سیاستدان فوج کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں جو افسوسناک ہے،
عائشہ گلالئی کی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن میں اپنے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے نا اہلی ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے پاکستانی فوج کو سیاست میں گھسیٹنے اور اس پر تنقید کی کوشش کی ،پاک فوج کے سپاہی ہماری بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اسے سیاست کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاستدان دن کے 12 بجے جاگتے ہیں اور ایک گھنٹہ بھی پیدل نہیں چل سکتے، ان کی اسمبلی میں حاضریاں دیکھیں ، ان کی گڈ گورننس کا حال بھی سب کے سامنے ہے۔ منحرف خاتون رہنما نے مزید کہا کہ اچھی بات ہے کہ ملک میں سیاستدانوں کے ذریعے اداروں کا احترام ہو ہر آئینی ادارے میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنا چاہیے اور یہی کام وہ خود بھی کر رہی ہیں۔خیال رہے کہ آج الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے خلاف تحریک انصاف کے نا اہلی ریفرنس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت عائشہ گلالئی کے وکیل نے عمران خان کے وکیل کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرائے جانے پر اعتراض کیا۔ الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے خلاف تحریک انصاف کے ریفرنس کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔