اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کیلئے رابطے، عائشہ گلالئی کوسابق صدر پرویز مشرف کی حمایت میں بیانات دینے کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا،عائشہ گلالئی عنقریب مشرف کی مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کھل کرسابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔
عائشہ گلالئی کے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے حوالے سے رابطے بھی ہو رہے ہیں،گزشتہ روز ان کی جانب سے اس ضمن میں پرویز مشرف کی حمایت میں بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف کے اس وقت بیانات کے حوالے سے سرد جنگ چل رہی ہے اور دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، اگر ایک ایسے موقع پر عائشہ گلالئی کا پرویز مشرف کی حمایت میں بیان دینااس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ جلد آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلیں گی۔