اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا حلقہ این اے 120 سے کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی جانب سے الیکشن ریٹرنز نہ جمع کرانے پر این اے 120سے ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہو سکا ہے۔ ایک نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ انتخاب میں کامیاب امیدوار کو انتخابات کے
10 دن کے اندر اندر الیکشن ریٹرنز جمع کرانے ہوتے ہیں جس کے لئے فارم 18اور 19پر بیان حلفی جمع کرانا ہوتا ہے، لیکن ابھی تک بیگم کلثوم نواز کی طرف سے مذکورہ فارم جمع نہیں کرائے گئے۔ یہاں یہ بات یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر کے باعث لندن میں زیر علاج ہیں ان کے گلے کی تین سرجریاں ہو چکی ہیں، اسی وجہ سے وہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔