کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے عائشہ باوانی کالج کو فوری کھلوانے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا ہے کہ کسی صورت بچوں کی تعلیم کا نقصان نہیں ہوناچاہیے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کالج کھلوا کر تدریسی عمل شروع کریں اور فوری رپورٹ دیں۔کراچی کے عائشہ باوانی کالج کی حوالگی کا معاملے کی وجہ سے کالج میں پیرکو بھی کلاسز شروع نہ ہوسکیں ۔طلبہ اورانتظامیہ میں تصادم اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
عائشہ باوانی ٹرسٹ انتظامیہ نے کالج کے گیٹ کو اندر سے ویلڈ کرادیا ۔جس کی وجہ سے عائشہ باوانی کالج میں فرسٹ ائر کی کلاسیں شروع نہ ہوسکیں ۔طلبہ نے شکوہ کیا ہے کہ کوئی معلومات فراہم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ادھر کالج کے باہر پرنسپل کانوٹس لگا ہے جس کے مطابق پیر سے نئی کلاسوں کا آغاز ہوگا۔ پرنسپل کے نوٹس کے مطابق حکم امتناع حاصل کرلیا ہے اور کلاسیں شروع ہوگئی ہیں۔پیرکی صبح سیکرٹری تعلیم بھی صورتحال کا جائزہ لینے کالج پہنچے۔سیکرٹری تعلیم کو بھی کالج میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، سیکرٹری تعلیم اور کالج انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد سیکرٹری تعلیم مایوس ہوکر کالج سے واپس چلے گئے۔