لندن(آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی سے خالی ہونے والے حلقہ این اے 120میں تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کی کامیابی کیلئے چندہ جمع کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک ڈنر رکھا گیا تھا جس میں شرکت کیلئے پچاس پاؤنڈ کا ٹکٹ خریدنا لازمی قرار دیا گیا تھا ۔اس دعوت نامے پر ایک طرف عمران خان دوسری طرف شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد کی تصاویر بھی تھیں
اور تحریک انصاف لندن کے رہنما منور نیازی ،محمد عمران ،نوید اخترکی طرف سے اس ڈنر کا اہتمام کیا تھا ۔تحریک انصاف کے رہنماؤ ں کا کہنا ہے کہ اس ڈنر سے حاصل ہونیوالی آمدنی این اے 120لاہور میں خرچ کی جائے گی ۔جب اس ضمن میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل چوہدری ذوالفقار سے رائے لی گئی تو انکا کہنا تھاکہ پاکستان میں ہونیو الے ضمنی الیکشن کیلئے بیرون ملک چندہ جمع کرنا کوئی اچھی رویت نہیں ہے یہ ایک غیر قانونی طرز عمل ہے پہلے ہی پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کا یک کیس ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ محفوظ کرلیا ، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ رنگ بنا رکھا ہے، کل سے نوٹس دینا بند کرکے کسی بھی فریق کو سنے بغیر ہی اپنے دفتر میں بیٹھ کر فیصلہ جاری کر دیں گے۔ تفصیلا ت کے مطابق الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آج بھی فارن فنڈنگ کا ریکارڈ جمع نہیں کرایا گیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ چار سال سے ہمارا وقت ضائع ہو رہا ہے، آپ کو آج پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو ہفتے میں تفصیلات دینے کا حکم دیا ہے اور اس مدت میں ریکارڈ جمع کرادیں گے،
عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کے ساتھ تفصیلات شیئر نہیں کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے ریکارڈ تو دیں پھر کسی کے ساتھ شیئر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا، گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے آج فارن فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا، آپ کی تاخیر سے کیا تاثر لینا چاہیے، آپ نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ رنگ بنا کر رکھ دیا ہے، تین سال سے آپ کا موقف واضح نہیں ہوسکا،
ہم کسی فریق کو سنے بغیر ہی فیصلہ دے دیں گے۔ کل سے آپ کو نوٹس دینا بند کردیں گے اور اپنے دفتر میں بیٹھ کر حکم جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو بعد میں سنایا جائے گا۔