لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قرطبہ چوک میں ہونے والے ناکام جلسے کے بعد لندن سے واپسی پر لاہور کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن تک لاہور میں ہی ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان جلسے کی ناکامی پر لاہور کی مقامی قیادت سے
کافی ناراض ہیں اسی لئے انہوں نے اب خود این اے 120 کی الیکشن مہم کو چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن میں پارٹی پوزیشن کو بہتر بنانے کیلئے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور این اے 120 کی الیکشن مہم کو خود مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان 17 ستمبر تک لاہور میں ہی قیام کرینگے۔یاد رہے نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو حلقے سے امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد ہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لندن سے واپسی پرلاہور میں ڈیرے ڈالیں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان 12 ستمبر کووطن واپس پہنچیں گے اور لاہور زمان پارک میں قیام کریں گے ، ضمنی الیکشن کی نگرانی کریں گی14 ستمبر کو ریلی نکالے گی جس کی قیادت عمران خان کریں گے ،ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور یہ ریلی این اے 120 کی حدود سے باہر نکالی جائے گی۔