لاہور( این این آئی) پنجاب حکومت نے خادم پنجاب اجالا پروگرام کیلئے غیر ملکی اداروں سے 9ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے، فرانس کی نجی کمپنی سے 20 ملین یورو اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک آسان شرائط پر83 ملین ڈالر قرض دے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے رواں مالی سال میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کو مراحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے
جس کے لئے بجٹ میں 9ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاہم یہ منصوبہ اپنے وسائل کی بجائے بیرونی قرض سے مکمل کیا جائے گا جس کیلئے 2 غیر ملکی اداروں سے قرض لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے لئے فرانس کی نجی کمپنی ایف ڈی 20 ملین یورو اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک 83 ملین ڈالر قرض دے گا قرض کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت اور دونوں غیر ملکی اداروں میں معاملات طے پا گئے ہیں منصوبہ مکمل ہونے پر پنجاب حکومت اقساط کی صورت میں قرض واپس کرنے کی پابند ہو گی۔