پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے خیبر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ نئے ایم ڈی کی تقرری کے لئے جلد ہی اشتہار دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت صوبائی کابینہ
کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر بینک کے ایم ڈی کو عہدے سے ہٹانے سمیت کئی پالیسیوں کی منظوری دی گئ ہے، دوسری جانب بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم نے خیبر پختونخوا حکومت کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئےنوٹس ملنے کی صورت میں عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ا یم ڈی شمس القیوم نے کہا کہ صوبائی حکومت مجھے فارغ نہیں کرسکتی نوٹس ملنے کے بعد عدالت سے رجوع کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میری مدت ملازمت 30ستمبر کو پوری ہو رہی ہے اگر صوبائی حکومت مجھے فارغ کرنا چاہتی ہےتو اسے 24روز انتظار کرنا چاہیے ،انہوں نے ایم ڈی کی برطرفی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایم ڈی کو ہٹانے کے لئے بینک کے بورڈ کو شکایات کرسکتی ہے جبکہ بینک کے بورڈکا چیئرمین صوبائی حکومت کی شکایت گورنر سٹیٹ بینک کو بجھوائے گا ۔گورنر سٹیٹ بینک تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کریں گے سٹیٹ بینک کے قوانین کے تحت کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہی گورنر سٹیٹ بینک میری برطرفی کا فیصلہ کرسکتے ۔