اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کی حکومتی جماعت تحریک انصاف نے بینک آف خیبر کے ایم ڈی شمس القیوم کو مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر بینک کے ایم ڈی کو عہدے سے ہٹائے جانے کی پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ کے مطابق ایم ڈی خیبر بینک نے وزیر کے خلاف اخبار کو اشتہار دے کر
ملازمتی معاہدے کی خلاف ورزی کی جب کہ شمس القیوم کو 7 دن میں پوزیشن کلئیر کرنے کے لئے نوٹس جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ایم ڈی خیبر بینک نے وزیر خزانہ مظفر سید کے خلاف اخبار میں اشتہار چھپوایا تھا جس میں وزیر خزانہ پر کرپشن اور اقربا پروری کے الزامات لگائے گئے تھے اور پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت اسلامی نے الزامات کی تصدیق نہ کرتے ہوئے حکومت سے شمس القیوم کو اپنی عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔