اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس میں برما کے سفارت خانے کو مظاہروں کے دوران محفوظ بنانے کے لیے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریڈ زون کو کنٹینرز سے بند کرنے کی تجویز بھی
زیر غور ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی صدارت میں اعلٰی سطحی اجلاس طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں آئی جی، ڈی سی، ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیف کمشنر کی زیر صدارت اس اجلاس میں جمعہ کے روز برما کے خلاف ہونے والے احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ برما کے سفارت خانے کو محفوظ بنانے کے لیے ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی، اس کے علاوہ ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر بند کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ واضح رہے کہ جمعتہ المبارک کو جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں نے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں اور برما کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام نے جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کی اور ان پر واضح کیاکہ کسی بھی فرد کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ برما کے سفارتخانے کی حفاظت کے لیے اگر کسی نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی طرف سے طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔