رحیم یار خان(آن لائن) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف کی نااہلی کے باعث مسلم لیگ ن کے نئے صدر کے کل (7 ستمبر) کو ہونے والے پارٹی انتخابات ملتوی کر دیے گئے ۔ان انتخابات کیلئے نامزد چیف الیکشن کمشنر چوہدری جعفر اقبال نے منگل کے روز رحیم یار خان میں ’’آن لائن‘‘ کو بتایا کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر مسلم لیگ ن کے نئے قائد کے انتخاب کیلئے یہ انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں
جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ سے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محمد نواز شریف کو مسلم لیگ ن کے قائد کی حیثیت سے بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا جس کے باعث مسلم لیگ ن کے نئے قائد کے انتخاب کیلئے 7 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے کچھ عرصہ قبل سردار یعقوب ناصر کو مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر منتخب کیا تھا اور مسلم لیگ ن کے نئے قائد کے لیے شہباز شریف کا نام تجویز کیا تھا