اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حلقہ این اے 120 میں کلثوم نواز کی انتخابی مہم کے موقع پر لاہور کے چرچ میں مریم نواز کے خطاب کے بعد چرچ ایڈمنسٹریشن کیلئے مشکلات کے دروازے کھل گئے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے کیتھولک چرچ میں اپنی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم کے موقع پر خطاب کیا جس پر مسیحیوں نے انہیں شدید برا بھلا کہا اور چرچ انتظامیہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا
نااہل سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز چرچ میں مسیحی وزراء کے ساتھ آئیں جس کے لئے دو روز قبل مسیحی وزراء نے بشپ سے کہا کہ چونکہ کلثوم نواز شریف علیل ہیں جن کی صحت یابی کے سلسلے میں مریم نواز دعائیہ تقریب میں شامل ہونا چاہتی ہیں جس پر چرچ منتظمین نے انہیں اجازت دے دی مگر مریم نواز کی گفتگو اس موقع پر سیاسی ہو گئی جس پر منتظمین چرچ نے تمام مسیحی برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے پر ان سے معافی مانگی اور واضح کیا کہ آئندہ چرچ کو سیاسی پلیٹ فارم نہیں بننے دیا جائے گا۔