اسلام آباد (نیوز ڈیسک) طویل عرصے تک اضافے کے رجحان کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے خریداروں کو وقتی ریلیف ملا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 82 ہزار 462 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی کم ہو گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 3 ہزار 172 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 13 ہزار 633 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی منڈی کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہاں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 37 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 601 ڈالر پر آ گیا ہے۔















































