لاہور ( این این آئی) ابو ظہبی سے آنے والی پی آئے اے کی پرواز پی کے 296 ہائیڈرالک سسٹم کی خرابی کے باعث حادثے کا شکارہونے سے بال بال بچ گئی۔بتایا گیا ہے کہ پی آئے اے کی پرواز پی کے 296 ابو ظہبی سے لاہور آئی تھی جہاں سے اس نے کراچی جانا تھا لیکن فضاء میں ہی پرواز کا ہائیڈرالک سسٹم خراب ہوگیاجس کے باعث انجن کا کور کھل گیا اور طیارہ ہچکولے کھانے لگا۔ پی آئی اے کے پائلٹ نے
کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت رن وے پر لینڈ کرالیا جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں بچ گئیں۔ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث 30 منٹ تک رن وے بند رہا لیکن بعد میں فنی خرابی کا شکار ہونے والے طیارے کو رن وے سے ہٹادیا گیا ۔ دوسری جانب پی آئی اے حکام نے طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابیاں دور کرنے کیلئے کراچی سے ماہرین کی ٹیم طلب کرلی ہے۔