رائے ونڈ(آن لائن)عید کی خریداری کرکے گھر لوٹنے والی دوبہنیں ریلوے لائنیں عبور کرتے ہوئے گاڑی تلے آکر کچلی گئیں ،موقع پر ہلاک ،دونوں رائے ونڈ کی نواحی یوسی بابلیانہ کی رہائشی شادی شدہ خواتین تھیں ،ایک کانام سائرہ بی بی اور دوسری کا اختری بی بی بتایا جاتا ہے ،جو کہ لاہور سے کوئٹہ جانے والی 40ڈاؤن جعفر ایکسپریس کی زد میں آئیں ،ریلوے پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں ،
عینی شاہدین کے مطابق دونوں بہنیں باتوں میں مگن ریلوے کی پٹری میں باتیں کرتے ہوئے واپس گھر جارہیں تھیں ،اختری بی بی کے بیٹے کی دس ستمبر کو شادی ہے جس کی شاپنگ کرکے وہ بازارسے گھر آرہیں تھیں کہ بابلیانہ پھاٹک کے قریب ریلوے لائینوں کے بیچ سے گزرنے لگیں اور موت کے منہ میں چلی گئیں ،عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے ڈرائیورنے متعدد بار ہارن بھی دیا مگر ان کی موت کا وقت ٹل نہ سکا ، عید کی خریداری کرکے گھر لوٹنے والی دوبہنیں ریلوے لائنیں عبور کرتے ہوئے گاڑی تلے آکر کچلی گئیں ،موقع پر ہلاک حادثہ کے بعد ٹرین آدھ گھنٹہ رکی رہی ،ریلوے لائینوں میں خون میں لت پت کٹی لاشوں کے ساتھ خون آلودنئے ملبوسات بھی بکھرے پڑے تھے ،لوگوں کا ایک ہجوم موقع پر اکٹھا ہوگیا، دوسری طرف یہی گاڑی پہلے مویشی منڈی سے گزرتی ہوئی قربانی کی ایک گائے کو بھی کچل کر گزر گئی تھی ،گاڑی جب ریلوے لائینوں میں لگی غیر قانونی مویشی منڈی سے گزری تو ٹرین کے تیز ہارن کی وجہ سے گائے بدک گئی اور بھاگتے ہوئے ٹرین سے جاٹکرائی جس کے نتیجہ میں موقع پر ہی دم توڑ گئی ،یوں یہ ٹرین دو انسانوں اور ایک جانور کی موت کا سبب بن گئی ۔