کراچی ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر میں آباد مسلمانوں اور خاص طور پر پاکستان میں بسنے والوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بابرکت اور پرامن عیدالاضحی نصیب ہو۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو عیدالاضحی کی تمام برکتیں اور رحمتیں عطا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی تمام لوگوں کی خیرخواہی کی خاطر قربانی کے اقدار کو قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے،
یہ بھائی چارے کی متاثرکن انداز میں تجدید ہے، یہ جذبہ خیرسگالی اور یکجہتی کے تحت ہمارے درمیان موجود محروموں، بے سہارا اور نادار لوگوں کے پاس جانے کا موقعہ ہے۔ اس وقت ہمیں صرف انسانیت کی بنیاد پر سب کیلئے ایک بہتر دنیا تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عسکریت پسندی اور انتہاء پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا کرنے کے بعد ان کے لوگ حقیقتاً عیدالاضحی کے مستحق ہیں جو انہیں امن اور ہم آہنگی کی جانب رہنمائی کرے۔ آپ تمام لوگوں کو عیدالاضحی کی رحمتیں عطا ہوں۔