پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے بلین ٹری سونامی منصوبے میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے سامنے آنیوالی دستاویزات کے مطابق بلین ٹری سونامی منصوبے میں محکمہ جنگلات کے145 افسران واہلکار مالی و پیشہ ورانہ کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تحت 7 لاکھ پودے لگانے والوں نے کاغذات میں 10 لاکھ پودے ظاہر کئے جبکہ جو پودے
لگائے گئے ان کی دیکھ بھال نہیں کی گئی جس کے باعث وہ خراب ہوگئے۔دستاویزات کے مطابق منصوبے میں مبینہ کرپشن سامنے آنے پر 19 افراد کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں جن میں دو ڈویژن اور تین سب ڈویژن افسران بھی شامل ہیں جبکہ دو افسران کو چارج شیٹ اور کچھ کو جبری ریٹائر کردیا گیا ہے۔جن افسران کو جبری ریٹائر کیا گیا ان کا تعلق پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے 60 افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔