اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی،نوٹس کی کاپی سپیکر قومی اسمبلی اور چیف الیکشن کمشنر کو بھی ارسال کردی گئی۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دو شوکاز نوٹسز کا جواب نہ دینے پر ان کی رکنیت منسوخ کی گئی۔بھجوائے گئے نوٹس کے مطابق عائشہ گلالئی نے میڈیا پر پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ عائشہ گلالئی نے وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ نہ لے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے عائشہ گلالئی کو جاری حتمی نوٹس کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی اور چیف الیکشن کمشنر کو بھی ارسال کردی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی سے عائشہ گلا لئی کیخلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے دو روز میں کارروائی نہ کی تو معاملہ خود بخود الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائیگا۔