لاہور(آئی این پی ) لیسکو ریجن میں بجلی کی چوری روکنے کے لیے خود کار میٹر لگائے جائیں گے، لیسکو ریجن میں ہر سال بیس ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، بجلی چوری میں صارفین کے ساتھ ساتھ کمپنی کے اہلکار بھی ملوث ہیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد کاظمی
کے مطابق چوری کے زیادہ واقعات سرحدی علاقوں میں ہوتے ہیں جہاں رات کے وقت لیسکو حکام کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ لاہور میں ایسی بہت ساری پاکٹس ہیں جہاں کنڈے لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا خاص طور پر سرحدی علاقوں میں کنڈے عام ہیں اور اس کی وجہ وہاں کے حالات ہیں۔ چوری روکنے کے لئے پولیس بھی مدد نہیں کرتی۔لیسکو چیف نے کہا کہ بجلی چوری اور اووربلنگ کی شکایات روکنے کے لئے لاہور اور گرد ونواح میں اسمارٹ میٹر کا نظام متعارف کروایا جارہا ہے جس کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک مالی امداد فراہم کرے گا۔ نیا نظام ابتدائی طور پر لاہور اور اسلام آباد میں متعارف کروایا جارہا ہے۔ جب یہ نظام آگیا پھر صارف اور میٹر ریڈر کے درمیان کسی قسم کا تعلق ختم ہوجائے گا۔واجد کاظمی نے کہا خراب ہونے والے میٹرز کی جلد تبدیلی کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ نئے کنکنشنز کے لئے بھی میٹر بروقت دستیاب ہوں گے۔