لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی چیئرمین سیکرٹریٹ آمد کے موقع پر کارکنوں نے شدید دھکم پیل کی جس سے مرکزی رہنما اور خواتین بھی اس کی زد میں آ گئیں،گارڈز نے ایک کارکن کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا ،متاثرہ کارکن نے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے مجھ پر تشدد نا منظور نا منطور کا نعرہ لکھ دیا،
کارکن اجلاسوں کے شرکاء کیلئے رکھی گئی کھانے پینے کی اشیاء پر بھی ٹوٹ پڑے ۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان حلقہ این اے 120کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اجلاسوں کی صدارت کیلئے چیئرمین سیکرٹریٹ پہنچے تو مختلف یونین کونسلوں سے آنے والے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد پہلے سے ہی وہاں موجود تھی ۔ عمران خان سخت سکیورٹی میں گاڑی سے نیچے اتر ے اور اس دوران کارکنوں نے عمران خان کیساتھ سیلفیاں بنانے اور ان کے ہمراہ اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس سے شدید بد نظمی پیدا ہو گئی ۔اس دوران کئی مرکزی رہنما اور خواتین بھی کارکنوں کی دھکم پیل کی زد میں آگئیں ۔چیئرمین سیکرٹریٹ کے سکیورٹی گارڈز نے ایک کارکن کوبد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ متاثرہ کارکن نے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہوئے مجھ پر تشدد نا منطور نا منظور کا نعر ہ بھی لکھ دیا ۔علاوہ ازیں چیئرمین سیکرٹریٹ کے منتظمین کی طرف سے مختلف یونین کونسلوں کے عہدیداروں کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا تاہم وہاں آنے والے کارکن کھانے پینے کی اشیاء پر بھی ٹوٹ پڑے۔