اسلام آباد (این این آئی)عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا ایک بار پھرافغانستان میں اپنی ناکارہ اور ناکام پالیسی کی ذمے داری پاکستان پر ڈال رہا ہے ٗ ہمیں ہمیشہ بغیر خوف ناانصافی اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔امریکی صدر ٹرمپ کی جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر رد عمل میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پاکستان کو خطے میں ناکام امریکی اور بھارتی پالیسیوں پر قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے ٗیہی موقع ہے کہ پاکستان امریکہ کوانکار کردے ۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے جنوبی ایشیا کے بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکہ کے لئے افغانستان میں دو جنگیں لڑیں اور اس کی بھاری قیمت ادا کی۔انہوں نے کہا کہ 70ہزار جانوں کی قربانی اور معیشت کو 100 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان اٹھانے کے علاوہ اپنا معاشرہ تباہ کر لیا۔ عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات اس کی غلط پالیسیوں اور کشمیروں کی جدوجہد کو دبانے کا نتیجہ ہے ۔