اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی طرف سے پاناما سکینڈل میں اربوں روپے کی پیشکش کا الزام عائد کرنے پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں 10 ارب روپے ہرجانے کی درخواست پر سماعت کی گئی۔ جس کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے آج بھی عدالت میں کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے نو ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ سیشن کورٹ کے جج اظفر سلطان نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی
جانب سے عمران خان کے خلاف ہر جانے کی درخواست پر سماعت جاری رکھی۔ عدالت سے شہباز شریف کی کردار کشی کرنے پر عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کی ڈگری کی استدعا کی گئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے پاناما پیپرز کے معاملے پر محمد شہباز شریف کی جانب سے 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام عائد کیا تھا۔ درخواست کے مطابق عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی اور سیاسی مفادات کے حصول کے لیے شہباز شریف کی کردار کشی کا ارتکاب کیا۔