اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والی عائشہ گلا لئی نےاپنی پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کی نسبت زیادہ عزت ملنے اور خواتین کےلئے مختص سیٹ پر ایم این اے اور ایم پی اے کی ٹکٹ دیے جانے کا انکشاف کیا تھا جسے نجی ٹی وی چینل کے اینکر نے سمجھ سے بالا تر قرار دےد یا۔
ملک کے معروف صحافی اور تجزیہ کار اور صحافی کاشف عباسی نے اپنے پروگرام میں مدعو عائشہ گلا لئی سے سوال کیا کہ آپ پر یہ الزام ہے کہ آپ تحریک انصاف میں نئی تھیں اور آپ کو پارٹی ٹکٹ ملا۔ جس پر خاتون ایم این اے کا کہنا تھا کہ اتنی بھی نئی نہیں تھی جتنا یہ لوگ کہہ رہے ہیں۔ مجھے شہید بے نظیر بھٹو نے 2007میں ایم این اے اور ایم پی اے کےلئے خواتین کی ریزرو سیٹ کا ٹکٹ دیا تھا۔ جس پرکاشف عباسی نے جھٹ سے سوال جڑ دیا کہ تب تو آپ صرف 19سال کی تھیں؟۔ اس کے جواب میں عائشہ گلا لئی نے عمر کے مسئلے میں الجھنے کی بجائےکہا کہ آپ چاہیں تو رحمان ملک ، فرحت اللہ بابر اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے پوچھ سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو لسٹ چیک کرسکتے ہیں ۔کاشف عباسی نے اس پر کہا کہ میرے خیال سے اس کی ضرورت نہیں میں تو اس لیے کہہ رہا تھا کہ آپ 19سال کی تھیں تو آپ کو رکن اسمبلی کا ٹکٹ کیسے جاری کیا سکتا ہے؟ خیر اگلا سوال کرتاہوں۔