اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف پارٹی کی سابق رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے پیش نظر الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نا اہلی کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی۔راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وکیل راجہ محمود بشارت نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کروائی جائیں اور پی ٹی آئی سربراہ کی قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرکے قومی اسمبلی کی نشست این اے 56 میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔راجہ محمود بشارت نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی کے لیے کردار بے داغ ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز خواتین کی خصوصی نشست پر منتخب ہونے والی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔