اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق لیگی وزرا رات گئے تک احکامات اور سرکاری امور سر انجام دیتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے سبکدوش ہوتے ہی وفاقی کابینہ تحلیل ہو گئی تھی مگر نجی ٹی وی 92نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق وزرا رات گئے تک احکامات اور سرکاری امور سر انجام دیتے رہے ہیں ، نجی ٹی وی 92کے اسلام آباد میں بیوروچیف خاور گھمن کے مطابق مختلف وزرا کابینہ کی تحلیل کے بعد نہ صرف اپنے دفاتر گئے اور وہاں کام کرتے رہے
بلکہ شام کے اوقات میں بھی اپنے سٹاف کے ذریعے کچھ فائلیں بھی منسٹر کالونی میں منگوائی اور رات گئے تک ان پر کام اور احکامات صادر کرتے رہے۔ خاور گھمن کے کہنا تھا کہ آئین کے مطابق کابینہ کی تحلیل کے بعد سابق وزرا سرکاری امور سر انجام نہیں دے سکتے، نجی ٹی وی کے بیوروچیف کا کہنا تھا کہ جلد ہی وہ کابینہ کی تحلیل کے بعد سابق وزرا کی جانب سے صادر کئے گئے احکامات اور انجام دئیے گئے سرکاری امور کی تفصیلات منظر عام پر لائیں گے۔