اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرزعالمی طاقتوں کی سازش ہے ٗپاناما پیپرزکانشانہ پیوٹن ٗنواز شریف اورکیمرون تھے،عمران خان ذاتی اقتدار کیلئے سازش کا حصہ بنے۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما نے کہاکہ سیاسی ٗغیرسیاسی طاقتور لوگ نفرت انتقام میں اس سازش کا ایندھن بنے،پاکستان کا کوئی ادارہ سازش کا حصہ نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جے آئی ٹی کارویہ جانبدارانہ اور یکطرفہ رہا ٗہمارے اعتراضات اورتحفظات کو اہمیت نہیں دی گئی ٗ
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جتنا کام کیا اتنا دوماہ میں ممکن ہی نہیں تھا،لگتا ہے جنات نے جے آئی ٹی کی مدد کی ہے ٗیہ احتساب نہیں انتقام ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ منتخب وزرا اعظم کو عدالتی فیصلوں کے ذریعے ہٹوانے کی سوچ اور عمل ملک کے لیے زہر قاتل ہیں۔جبکہ آئین میں دفعہ62/63 کی حیثیت مرحومہ58۔2بی کے مساوی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلسل 4 برس ملک کو بحرانوں سے نکالتے اور سازشوں کو ناکام بناتے گزارے۔