لاہور ( این این آئی) وزیر اعظم نواز شریف نے یوم آزادی کی70ویں سالگرہ کی تقریبات کوپورے ملک میں شایان شان طریقے سے منانے کے لیے احکامات جاری کر دیئے ،تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل بھی دی گئی ہے جس کی سربراہی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کریں گی ۔
وفاقی وزیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پی ٹی وی نے پروگراموں کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔پی ٹی وی کے چیئرمین عطا الحق قاسمی پروگراموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔پی ٹی وی اسلام آباد سینٹر سے پیش کیا جانے والا پروگرام ایکسپیڈیشن پاکستان اور ملٹی لینگول سانگ کی ریکارڈنگ کے لیے پی ٹی وی کی ٹیمیں پورے ملک کا دورہ کر رہی ہیں۔ ملٹی لینگول سانگ ملک کی دس علاقائی زبانوں پر مشتمل ایک گیت پر مبنی ہے جس میں پاکستانیت کا انتہائی عمدہ انداز میں اظہارکیا گیا ہے۔’’پاکستان سپیچز‘‘ تقریری مقابلہ ہے جس میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔’’پاکستان کوئز‘‘ میں پاکستان کے حوالے سے سوال جواب کیے جائیں گے۔’’میں ہوں پاکستان‘‘ اس نشریات کا منفرد پروگرام ہو گا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پاکستانی نوجوانوں سے قوم کو متعارف کرایا جائے گا۔اس کے علاوہ خصوصی مشاعرہ،نئے ملی نغمے اور دیگر دلچسپ پروگرام اس نشریات کا حصہ ہوں گے۔