شیخوپورہ(آن لائن)مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار عرفان ڈوگر نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں نہیں جا رہے ، ان کا جینا مرنا مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کے ساتھ ہے شیخوپورہ میں گولڈن ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سردار عرفان ڈوگر کا کہنا تھا کہ ایک نجی ٹی وی کے اینکر نے گزشتہ روز اپنے پروگرام میں ان کے متعلق دعوی کیا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کو چھوڑ رہا ہوں
پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف غلط اور من گھڑت خبر نشر کی گئی ، وہ کہیں نہیں جا رہے بلکہ وہ آباؤ اجداد سے مسلم لیگ کے ساتھ ہیں اور خود تین الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر حصہ لے چکے ہیں اور دو سری مرتبہ رکن اسمبلی بنے ، انہوں نے نجی ٹی وی اور اینکرکے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف سے بے وفائی نہیں کریں گے جو بے وفائی کرتے ہیں یا جنہوں نے پارٹی یا قیادت سے بے وفائی کی ہے ان کا انجام سب کے سامنے ہے۔